اصلاح معاشرہخصوصی مضامین

🔘🔹 محرم کے روزوں کی فضیلت


یوں تو اس ماہ میں کی جانے والی ہر عبادت قابل قدر اور باعث اجر ہے مگر احادیث مبارکہ میں محرم کے روزوں کی خصوصی ترغیب دی گئی ہے۔ چنانچہ حضرت محمد ﷺ ارشاد فرماتے ہیں :
رمضان کے روزوں کے بعد سب سے بہترین روزے اللہ کے مہینہ “محرم” کے روزے ہیں
(مسلم: ج:1:ص:368:باب فضل صوم المحرم)

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو محرم کے ایک دن کا روزہ رکھے اسکو ایک مہینہ کے روزوں کا ثواب ملے گا (غنیۃ الطالبین للشیخ جیلانیؒ : ص:314: مجلس فی فضائل یوم عاشوراء)

پھر اس ماہ کے تمام ایام میں سے اللہ رب العزت نے “یوم عاشوراء” کو ایک ممتاز مقام عطاء فرمایا ہے۔ یہ دن بہت سے فضائل کا حامل اور نیکیوں کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

ارشادِ نبوی ﷺ ہے : جو شخص عاشوراء کے دن کا روزہ رکھتا ہے تو اللہ تعالی اس کے گزشتہ سال کے (صغیرہ) گناہ معاف فرمادیتے ہیں
(صحیح مسلم:ج:1:ص:367:باب استحباب صیام ثلاثۃ ایام الخ)

ایک دوسری روایت میں حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کا یہ فرمان ہے : “حضور اقدس ﷺ رمضان المبارک کے مہینہ اور دس محرم کے دن روزہ رکھنے کا اہتمام فرمایا کرتے تھے”
(صحیح بخاری: ج1:ص268:باب صیام یوم عاشوراء)

ایک اہم مسئلہ::

اہل ایمان کو یہود کی مخالفت کا حکم دیا گیا ہے اور اس دسویں محرم کا روزہ چوںکہ یہود بھی رکھتے ہیں اس لئے اب ہمارے لئے حکم یہ ہے کہ دسویں تاریخ کے ساتھ نویں یا گیارہویں تاریخ کا روزہ بھی رکھیں تاکہ سنت بھی ادا ہوجائے اور مخالفتِ یہود کا پہلو بھی نکل آئے جیسا کہ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہے:

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا “تم عاشوراء کا روزہ رکھو اور یہود کی مخالفت کرو اور اس سے ایک دن پہلے یا بعد کا روزہ بھی رکھو”
(مسند احمد:ج:1:ص:241 حدیث نمبر 2154)

Related Articles

Leave a Reply